چیئرمین کے پی ٹی سے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملاقات، ہفتہ وار تعطیلات میں نرخ برقرار رکھنے پر اتفاق

کراچی: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان کی قیادت میں ٹرانسپورٹرز کے وفد نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے چیئرمین ریئر ایڈمرل شاہد احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بندرگاہی آپریشنز، کارگو کی نقل و حمل اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ہفتہ اور اتوار کو کارگو ٹرانسپورٹ کے نرخ معمول کے مطابق برقرار رکھنے اور اضافی چارجز وصول نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وفد میں آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس اور سندھ گڈز ٹرک ٹریلر ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل تھے۔
ملک شہزاد اعوان نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے اور کے پی ٹی میں ایکسل لوڈ نظام کے نفاذ کے سلسلے میں وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری اور چیئرمین کے پی ٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولت کاری کو سراہا۔
چیئرمین کے پی ٹی نے کہا کہ ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بھی کارگو ٹرانسپورٹ کی خدمات معمول کے نرخوں پر دستیاب ہونی چاہئیں۔ اس موقع پر ملک شہزاد اعوان نے یقین دہانی کرائی کہ ہفتہ اور اتوار کو ٹرانسپورٹرز سے کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔
چیئرمین کے پی ٹی نے نومبر 2026 میں ٹرانسپورٹ کے مسائل پر منعقد ہونے والے سیمینار میں تمام متعلقہ فریقین کو شرکت کی دعوت بھی دی۔
انہوں نے کہا کہ کے پی ٹی ٹرانسپورٹر برادری سے مؤثر رابطے، کارگو کی بلاتعطل نقل و حرکت اور ملک کے تجارتی و ترسیلی نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔











