ایف بی آر کی تنظیم نو کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال کی کال واپس، افسران آج معمول کے مطابق کام کریں گے

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ان لینڈ ریونیو سروس آفیسرز ایسوسی ایشن (آئی آر ایس او اے) نے ادارے کی مجوزہ تنظیم نو کے خلاف پیر 19 اکتوبر کو دی جانے والی قلم چھوڑ ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔ اس کے بعد ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اور فیلڈ فارمیشنز میں تمام افسران معمول کے مطابق فرائض انجام دیں گے۔
ایسوسی ایشن نے گزشتہ رات گئے جاری اعلامیے میں ہڑتال کی کال واپس لینے کی تصدیق کی۔ اعلامیے کے مطابق ایف بی آر کی مجوزہ تنظیم نو سے متعلق گردش کرنے والے بیانات ابتدائی مشاورت کے دوران سامنے آنے والی اطلاعات کی عکاسی کرتے تھے، تاہم انہیں حتمی شکل نہیں دی گئی تھی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ایف بی آر کی اعلیٰ قیادت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان لینڈ ریونیو سروس کے مفادات کو اولین ترجیح دی جائے گی اور اصلاحاتی عمل کے دوران ان کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
آئی آر ایس او اے نے اعلیٰ قیادت کی یقین دہانی پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسوسی ایشن ان لینڈ ریونیو سروس اور قومی خزانے کے وسیع تر مفاد میں ایف بی آر کے ساتھ تعمیری بات چیت جاری رکھنے کی خواہاں ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق ایف بی آر انتظامیہ اور حکومت کے شدید دباؤ کے باعث ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لی ہے۔ تاہم ایسوسی ایشن کے باضابطہ اعلامیے میں فیصلے کی وجہ اعلیٰ قیادت کی یقین دہانی اور مجوزہ تنظیم نو سے متعلق بیانات کی وضاحت کو قرار دیا گیا ہے۔











