کوہلو: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز کا ایوننگ اجلاس
کوہلو: ڈپٹی کمشنر کوہلو عبد الحمید زہری کی زیر صدارت ضلع میں جاری چار روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز ایوننگ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شیر زمان مری، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر عالمگیر خان زرکون، اسسٹنٹ کمشنر کوہلو یحییٰ خان، اسسٹنٹ کمشنر میوند سمیع الحق، تحصیلدار پنھل خان سیلاچی، نائب تحصیلدار جلال مری سمیت انتظامی افسران اور پولیو انچارجز نے شرکت کی۔
مہم کا جائزہ
اجلاس میں ضلع بھر میں جاری انسدادِ پولیو مہم کی پیش رفت، بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی صورتحال، فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی اور مانیٹرنگ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مختلف علاقوں میں ٹیموں کی رسائی، مقررہ اہداف کے حصول اور مہم کو مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایات
ڈپٹی کمشنر عبد الحمید زہری نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس قومی فریضے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ افسران اور پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے اور کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔
مہم کے دوران فیلڈ ٹیموں کی مسلسل نگرانی کی جائے، رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی کر کے انہیں دوبارہ قطرے پلائے جائیں اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنے فرائض انجام دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔











