کوئٹہ: سوشل ویلفیئر کی کارروائی، پیشہ ور گداگروں کے خلاف 12 افراد حراست میں
کوئٹہ: ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران کی خصوصی ہدایات پر ویلفیئر ہوم فار بیگرز، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے صوبائی دارالحکومت کی مرکزی شاہراہوں اور اہم مقامات پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی کی۔
کارروائی میں 11 خواتین اور ایک مرد سمیت مجموعی طور پر 12 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ 7 بچوں کو تنبیہ اور وارننگ دے کر والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
کارروائی کی تفصیلات
بدھ کے روز ٹیم نے ایئرپورٹ روڈ، سیکرٹریٹ چوک، جی پی او چوک اور سرینا چوک سمیت کوئٹہ کے مختلف اہم مقامات پر چھاپے مارے اور پیشہ ورانہ طور پر بھیک مانگنے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی۔
گرفتار افراد کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل کا بیان
میر سیف اللہ خان کھیتران نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے مشن کے تحت کوئٹہ شہر کو پیشہ ور گداگری سے پاک کرنے کے لیے مؤثر اور مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیشہ ور گداگری ایک سماجی مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لیے انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بعض عناصر بچوں اور خواتین کو بھیک مانگنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جو نہ صرف قابل تشویش امر ہے بلکہ بچوں کے مستقبل اور ان کی تعلیم و تربیت پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔
محکمہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھے گا، جبکہ بچوں کو گداگری سے بچانے، ان کی تعلیم و تربیت اور بہتر مستقبل کے لیے خصوصی توجہ دی جائے گی۔
شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ افزائی نہ کریں اور اگر کسی مقام پر بچوں یا خواتین کو منظم انداز میں بھیک مانگنے پر مجبور کیا جا رہا ہو تو متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی ٹیمیں آئندہ بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ پیشہ ور گداگری کی حوصلہ شکنی اور معاشرتی مسائل کا مؤثر تدارک کیا جا سکے۔











