پیٹرولیم قیمتوں پر حکومت اور جماعت اسلامی کی چھ رکنی کمیٹی قائم، وزیراعظم کی ریلیف جاری رکھنے کی یقین دہانی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا انہیں پوری طرح احساس ہے۔ ان کے مطابق حکومت اپنی مالی استطاعت کے مطابق عوام کو ریلیف دے رہی ہے اور دیتی رہے گی۔
وزیراعظم نے یہ بات امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد میں لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ، نصر اللہ رندھاوا اور عنایت اللہ شامل تھے۔ حکومت کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، احسن اقبال، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، رانا ثناءاللہ اور بلال اظہر کیانی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے قیمتوں کے معاملے پر مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔ جماعت اسلامی کے وفد نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے اپنا موقف پیش کیا۔
وزیراعظم کے مطابق موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت علاقائی بحران کے حل کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے تاکہ صورتحال معمول پر آ سکے۔
انہوں نے وفد کو کم آمدن طبقے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں اب تک دیے گئے ریلیف کی تفصیل بتائی اور کہا کہ ایک کروڑ ستائس لاکھ افراد اس اسکیم میں رجسٹر ہو چکے ہیں۔
ملاقات میں اتفاق ہوا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین اراکین پر مشتمل کمیٹی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی پیٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ بڑھانے کے طریقوں پر غور کرے گی تاکہ زیادہ مستحق افراد فائدہ اٹھا سکیں۔ وہ پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے بجٹ کے مطابق قابل عمل تجاویز بھی تیار کرے گی۔
حکومت کی جانب سے وزیراعظم نے اسحاق ڈار، احسن اقبال اور رانا ثناءاللہ کو کمیٹی کے لیے نامزد کیا۔











