ون ڈے ٹرائی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی، کل راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا مدمقابل

راولپنڈی: پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، تینوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کرایا۔
رونمائی کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، انگلینڈ کے ہیری بروک اور سری لنکا کے کوشل مینڈس موجود تھے۔
سیریز کا شیڈول
ٹرائی سیریز کا آغاز کل 18 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔ افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، جس کے بعد مقابلے لاہور منتقل ہو جائیں گے۔ ٹرائی سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ٹرائی سیریز میں تینوں ٹیمیں ڈبل راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچز کھیلیں گی۔
دیگر کھیلوں کی خبریں
سلطان آف جوہر کپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے چین کو 8-3 سے شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے اسام حیدر نے دو جبکہ محمد فاروق، ولید رانا، فیاض حمزہ، غلام مصطفیٰ، محمد عثمان اور سیف اللہ نے ایک، ایک گول کیا۔
ماہ نور علی آل اسٹار جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ انہوں نے سیمی فائنل میں تین سیڈ شیہان یانگ کو 0-3 سے ہرایا۔ ماہ نور علی کا اتوار کو فائنل میں ہانگ کانگ کی ہاؤ چنگ چیو سے مقابلہ ہوگا۔











