محمد اورنگزیب کی امریکی انڈر سیکریٹری خزانہ ایرن بران سے ملاقات، یورو بانڈ اور آئی ایم ایف پروگرام پر گفتگو

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ہمراہ امریکی محکمہ خزانہ کی انڈر سیکریٹری برائے بین الاقوامی امور ایرن بران سے ملاقات کی۔
وزیرِ خزانہ نے ستمبر میں پاکستان کی جانب سے 3 ارب امریکی ڈالر کے یورو بانڈ کے اجرا کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سکوک، پانڈا بانڈز اور دیگر مالیاتی ذرائع کے ذریعے مالی وسائل کے حصول میں تنوع پیدا کرنے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پیش رفت، ٹیکس اصلاحات اور مسلسل تین سال بنیادی مالیاتی سرپلس کے حصول سے متعلق بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 21.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
علاقائی تنازع اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
اس موقع پر علاقائی تنازع کے توانائی، مہنگائی اور غذائی تحفظ پر اثرات اور رسد برقرار رکھنے کے لیے تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق موسمِ سرما کی طلب پوری کرنے کی تیاریوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
محمد اورنگزیب نے برآمدات پر مبنی ترقی، آئی ٹی برآمدات میں اضافے اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں مسابقت بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے قرضوں کی پائیداری اور خودمختار کریڈٹ ریٹنگ کے ڈبل بی درجے کی جانب پیش رفت کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
اعلامیے کے مطابق نجکاری، ہوائی اڈوں کے انتظام کو آؤٹ سورس کرنے اور بوئنگ کے ساتھ روابط پر گفتگو ہوئی۔ امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (یو ایس ایگزم بینک) سے ممکنہ مالی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔











