بی ٹیوٹا اور نیووٹک کا بلوچستان کے نوجوانوں کو خلیجی ممالک میں روزگار کے لیے فنی تربیت دینے پر اتفاق

کوئٹہ: بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (B-TEVTA) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) نے صوبے کے نوجوانوں کو جدید فنی و ٹیکنیکل تربیت دے کر بین الاقوامی سطح پر روزگار کے قابل بنانے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس عزم کا اعادہ ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر خان زرکون اور ڈی جی نیووٹک ڈاکٹر حسین بخش مگسی کی ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات میں بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے، صوبے بھر کے فنی تربیتی مراکز کو جدید مشینری اور آلات کی فراہمی اور خلیجی (جی سی سی) و دیگر غیر ملکی منڈیوں میں ہنرمند افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ فیصلہ کیا گیا کہ خلیجی ممالک اور دنیا بھر میں روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر اعلیٰ فنی تربیت اور روزگار کی فراہمی میں اہمیت دی جائے گی۔
دونوں عہدیداروں نے کہا کہ یہ اقدامات وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اس وژن کا حصہ ہیں جس کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم و فنون سے لیس کرنا ہے، تاکہ وہ دنیا کے ہر کونے میں بلوچستان کے باصلاحیت اور ہنرمند نمائندوں کے طور پر جا سکیں اور ملک و صوبے کی اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











