ایس پی ہرنائی عبدالحفیظ جکھرانی کا رات گئے ہرنائی بازار کا اچانک دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

ہرنائی: ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہرنائی پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے۔ اسی سلسلے میں ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جکھرانی نے گزشتہ رات ہرنائی بازار اور شہر کے مختلف حساس مقامات کا اچانک دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کا مقصد ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور پولیس نفری کی الرٹنس کو پرکھنا تھا۔ اس موقع پر ایس پی نے زمینی سطح پر تعینات پولیس اہلکاروں کی موجودگی اور پیٹرولنگ ٹیموں کی کارکردگی کا خود معائنہ کیا، جبکہ شہر کے مختلف سیکیورٹی پوائنٹس، ناکوں اور مختلف تھانوں کی پیٹرولنگ ٹیموں کی چیکنگ بھی کی۔
انہوں نے موقع پر موجود اہلکاروں کی ڈیوٹی اور حاضری کا جائزہ لیتے ہوئے فرائض احسن طریقے سے انجام دینے کی ہدایات دیں۔ ایس پی عبدالحفیظ جکھرانی نے ہدایت کی کہ شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام اہلکار 24 گھنٹے الرٹ رہیں، سیکیورٹی ہدایات اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مشکوک افراد اور گاڑیوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
ایس پی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں پرامن فضا قائم رکھنا ہرنائی پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور واضح کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایس پی ہرنائی کے اس اچانک دورے سے جہاں پولیس محکمے میں مزید چستی اور تحرک دیکھا گیا، وہیں مقامی عوام میں بھی تحفظ اور اطمینان کا احساس بیدار ہوا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











