استا محمد: چیف انجینئر بشیر ناصر کا ڈی سی کمپلیکس اور ڈی پی او آفس سمیت ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ

استا محمد: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے وژن اور صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ اور صوبائی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو بابر خان کی ہدایت پر نصیرآباد زون میں مفاد عامہ کی اسکیموں کی کڑی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں چیف انجینئر مواصلات و تعمیرات نصیرآباد زون بشیر ناصر نے ضلع استا محمد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر پہنچ کر تفصیلی معائنہ کیا، مختلف اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے تعمیراتی امور پر بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے ڈی سی کمپلیکس، ڈی پی او آفس و رہائش گاہ، پری فیب اور ایگرو پروجیکٹ سمیت دیگر منصوبوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے منصوبوں کے تعمیراتی معیار، کام کی رفتار اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ انجینئرز اور افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں اور معیار کے مطابق منصوبے مکمل کرنے کی سخت ہدایت دی۔
چیف انجینئر بشیر ناصر نے کہا کہ سرکاری ترقیاتی منصوبے عوامی سہولیات میں بہتری کا اہم ذریعہ ہیں، اس لیے تمام منصوبوں میں معیار، پائیداری اور مقررہ مدت میں تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انجینئرز اپنی نگرانی میں جاری اسکیموں پر مسلسل نظر رکھیں اور تعمیراتی کام میں کسی کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوام کو بہتر سہولیات ملیں گی اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کی کارکردگی بھی مزید بہتر ہوگی۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











