نصیرآباد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی: غیر حاضر اساتذہ کی تنخواہوں سے کٹوتی کی ہدایت، ڈی سی وریندر لعل کی صدارت

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل و فیمیل منظور شیرازی سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر افسران اور کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی، اساتذہ و طلبہ کی حاضری، تدریسی عمل کی بہتری اور تعلیمی معیار کو مؤثر بنانے پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ تعطیلات کے بعد سرکاری اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، تاہم بعض اداروں میں اساتذہ کی حاضری، بنیادی سہولیات کی دستیابی اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے مشکلات درپیش ہیں۔
کمیٹی کو اساتذہ کی حاضری کے نظام، معیاری تعلیم کی فراہمی، نصابی سرگرمیوں کے انعقاد اور تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ تعلیمی معیار بہتر بنانے، اساتذہ کی بروقت حاضری، طلبہ کی حاضری میں اضافے اور اسکولوں کے مسائل کے فوری حل سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے ہدایت کی کہ ضلع کے تمام سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل کی باقاعدگی، اساتذہ کی حاضری اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے، اور غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں سے کٹوتی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، اس لیے مسائل کے حل اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے اسکولوں کے باقاعدہ معائنے، اساتذہ کی حاضری اور تدریسی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی اور طلبہ کی مشکلات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع نصیرآباد میں تعلیمی نظام کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا؛ تعلیمی اداروں کے مسائل کی نشاندہی کر کے مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول بھی میسر آئے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











