ڈیرہ مراد جمالی میں یومِ آزادی تقریب اور آزادی مارچ، ڈی سی وریندر لعل: فرائض کی دیانت دارانہ ادائیگی ہی حب الوطنی

ڈیرہ مراد جمالی: ضلعی انتظامیہ نصیرآباد کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال ڈیرہ مراد جمالی میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل، ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے خطاب میں کہا کہ پاکستان سے محبت صرف قومی پرچم لہرانے اور نعرے لگانے کا نام نہیں بلکہ اپنے فرائض ایمانداری، اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کرنا ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔ اگر ایک سرکاری افسر، استاد، ڈاکٹر، کسان یا کوئی بھی شہری اپنے فرائض دیانت داری سے انجام دیتا ہے تو وہ دراصل پاکستان کی خدمت کر رہا ہے۔ انہوں نے ضلع نصیرآباد میں بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنے عزم اور آئندہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی اور ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کی قیادت میں تاریخی آزادی مارچ بھی نکالا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، سرکاری محکموں، طلبہ، نوجوانوں، سیاسی و سماجی نمائندوں اور شہریوں سمیت ایک ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور وطن کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ آزادی مارچ نصیرآباد میں اپنی نوعیت کی غیر معمولی اور یادگار عوامی شرکت کا مظہر ثابت ہوا۔
تقریب اور آزادی مارچ کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











