نصیرآباد: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، پرانے بس اسٹینڈ بند کر کے نیا بس ٹرمینل فعال کرنے کی ہدایت

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ضلعی محکموں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، سرکاری اثاثہ جات، ملازمین کی حاضری اور ٹریفک نظام سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت ضلع میں جاری اور مکمل منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کی صورتحال، تعمیراتی معیار، تکمیل کی رفتار اور عوامی فوائد کی معلومات حاصل کیں اور ہدایت کی کہ بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ سرکاری اثاثہ جات، گاڑیوں، مشینری، دستیاب وسائل اور ملازمین کی مجموعی تعداد کی مکمل تفصیلات ضلعی انتظامیہ کو فراہم کی جائیں تاکہ سرکاری وسائل کا درست ریکارڈ مرتب ہو اور ان کا شفاف استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ افسران و اہلکاروں کی حاضری یقینی بنانے اور مسلسل غیر حاضر رہنے والوں کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
نیا بس ٹرمینل اور ٹریفک نظام
ڈپٹی کمشنر نے ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی، غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے سے متعلق اقدامات اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور دیگر افسران کو ہدایت کی گئی کہ شہر کے پرانے بس و ویگن اسٹینڈ کو بند کر کے نئے بس ٹرمینل کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے اور بسوں، ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کو وہاں منتقل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نئے بس ٹرمینل کی فعالی سے شہر کے مرکزی علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا، روانی بہتر ہوگی اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات ملیں گی۔ انہوں نے ٹرمینل کے اطراف ریڑھی بانوں اور دیگر تجاوزات کا مناسب انتظام کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی سہولیات، سرکاری اداروں کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











