ڈی آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر قریش خان: کوئٹہ کے شہری موٹروے پولیس کی ڈرائیونگ لائسنس سہولت سے فائدہ اٹھائیں
کوئٹہ: ڈپٹی انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ویسٹ زون کوئٹہ ڈاکٹر قریش خان نے کہا ہے کہ موٹروے پولیس شاہراہوں پر شہریوں کے محفوظ سفر، ٹریفک قوانین کی پابندی اور حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ مسافروں کو بروقت امداد اور رہنمائی کی فراہمی بھی ادارے کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں موٹروے پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی سہولت بلوچستان کے شہریوں کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ ملک کے محدود شہروں میں موٹروے پولیس کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی سہولت حاصل ہے، اس لیے کوئٹہ اور بلوچستان کے شہری اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق لائسنس حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس صرف ایک دستاویز نہیں بلکہ ڈرائیور کی اہلیت اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا اعتراف ہے، اس لیے بغیر لائسنس ڈرائیونگ سے اجتناب کیا جائے۔
حادثات کے بڑے اسباب
ڈاکٹر قریش خان نے کہا کہ قومی شاہراہیں اور موٹرویز ملک کے مختلف علاقوں کو ملانے والے اہم ذرائع ہیں جہاں روزانہ لاکھوں مسافر، ٹرانسپورٹرز اور مال بردار گاڑیاں سفر کرتی ہیں، اس لیے قوانین کی پابندی کے ساتھ ڈرائیوروں میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری، خطرناک اوورٹیکنگ، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال، لین کی خلاف ورزی، غفلت و لاپرواہی اور مسلسل ڈرائیونگ سے تھکن اور نیند کا غلبہ حادثات کے بڑے اسباب ہیں، جن کی روک تھام کے لیے مسلسل گشت اور نگرانی کی جاتی ہے اور خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہوتی ہے۔
ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ موٹروے پولیس کا کردار صرف کارروائی تک محدود نہیں؛ گاڑی خراب ہونے، حادثے، طبی ہنگامی صورتحال یا کسی بھی پریشانی میں افسران اور اہلکار فوری طور پر مسافروں کی مدد کرتے ہیں اور ضرورت کے مطابق متعلقہ اداروں کو بھی متحرک کیا جاتا ہے۔
انہوں نے ڈرائیوروں پر زور دیا کہ مقررہ رفتار کی پابندی کریں، سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں، غیر ضروری اور خطرناک اوورٹیکنگ سے گریز کریں، گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال نہ کریں اور طویل سفر میں مناسب وقفہ لے کر تھکن دور کریں تاکہ غنودگی کے باعث حادثات سے بچا جا سکے۔
جدید ذرائع سے نگرانی
ڈاکٹر قریش خان نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ موٹروے پولیس کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے ٹریفک کی روانی، سڑکوں کی صورتحال اور موسمی حالات پر مسلسل نظر رکھی جاتی ہے۔ بدلتے تقاضوں کے پیش نظر نگرانی اور ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ذرائع سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور حادثات کی شرح میں کمی کے لیے دستیاب وسائل مؤثر انداز میں استعمال ہو رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین کو محض قانونی تقاضا نہیں بلکہ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کے تحفظ کا ذریعہ سمجھیں، موٹروے پولیس سے تعاون کریں اور ذمہ دارانہ طرزِ ڈرائیونگ اختیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ محفوظ شاہراہوں کا مقصد صرف ادارہ جاتی اقدامات سے حاصل نہیں ہو سکتا بلکہ ڈرائیوروں، مسافروں اور عوام کا ذمہ دارانہ رویہ بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











