میر اکرم بنگلزئی نے پیپلز پارٹی سے استعفیٰ واپس لے لیا، علی مدد جتک کی ملاقات کے بعد تحفظات دور

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے سیاسی و قبائلی رہنما ملک میر اکرم بنگلزئی کی رہائش گاہ پر ان سے اہم ملاقات کی، جس میں سیاسی و قبائلی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور پارٹی معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملک میر اکرم بنگلزئی نے پاکستان پیپلز پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ حاجی علی مدد جتک نے ملاقات میں ان کے تحفظات تفصیل سے سنے اور انہیں دور کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد میر اکرم بنگلزئی نے تحفظات دور ہونے پر پارٹی سے اپنا استعفیٰ واپس لینے کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر ملک میر اکرم بنگلزئی نے کہا کہ بلوچستان میں حاجی علی مدد جتک جیسے حقیقی عوامی رہنما کی موجودگی عوام اور پارٹی کارکنوں کے لیے امید کی کرن ہے، اور وہ عوامی مسائل کے حل اور کارکنوں کے ساتھ ہر مشکل وقت میں ثابت قدمی سے کھڑے رہتے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پارٹی کے استحکام، باہمی رابطوں کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مل کر کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











