اسسٹنٹ کمشنر تھل کا دکی میں ٹرانسپورٹ اڈوں اور بینکوں کا دورہ؛ زائد کرایہ وصولی پر کارروائی کا انتباہ

دکی: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر تھل عبدالسلام شاہوانی نے تحصیل دکی میں مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں اور بینکوں کا دورہ کر کے عوامی سہولیات، پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اے ٹی ایم سروسز کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مختلف روٹس کی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں، کرایہ ناموں اور مسافروں کی سہولیات کا معائنہ کیا اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ مسافروں سے صرف سرکاری طور پر طے شدہ کرایہ وصول کیا جائے اور کسی صورت زائد کرایہ نہ لیا جائے۔ انہوں نے اڈوں پر صفائی، نظم و ضبط اور کرایہ ناموں کی نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے بینکوں کا دورہ کر کے اے ٹی ایم مشینوں کی فعالیت اور رقم کے حصول کی سہولت کا معائنہ کیا اور بینک انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اے ٹی ایم مشینیں ہر ممکن حد تک فعال رکھی جائیں تاکہ تنخواہ دار طبقے اور دیگر صارفین کو مشکلات نہ ہوں۔
عبدالسلام شاہوانی نے کہا کہ عوامی سہولیات میں غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ضلعی انتظامیہ مقررہ کرایوں پر سفری سہولیات اور بلا تعطل بینکنگ سروسز یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











