استا محمد میں افسران کے لیے 8 پری فیبریکیٹڈ گھروں کی تعمیر، ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال کا معائنہ

استا محمد: ڈپٹی کمشنر استا محمد محمد رمضان پلال نے زیرِ تعمیر پری فیبریکیٹڈ ہاؤسز کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی مراحل اور کام کے معیار کا جائزہ لیا۔
متعلقہ حکام اور تعمیراتی عملے نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کے مختلف مراحل، اب تک کی پیش رفت اور آئندہ کے کام پر بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 8 پری فیبریکیٹڈ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد ضلع میں افسران اور دیگر انتظامی ضروریات کے پیش نظر مناسب رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے گھروں میں استعمال ہونے والے میٹریل، تعمیراتی ڈھانچے، فرش، چھت، دیواروں اور دیگر بنیادی کاموں کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور معیار برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ استا محمد ایک نیا ضلع ہے جہاں انتظامی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے ساتھ بنیادی اور رہائشی سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سرکاری افسران اور عملے کے لیے مناسب رہائش سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی، جبکہ نئے ضلع میں مختلف شعبوں کا بنیادی انفراسٹرکچر مرحلہ وار بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ سرکاری خدمات کی فراہمی میں مشکلات ختم ہوں۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، تعمیراتی میٹریل کا معیار یقینی بنایا جائے اور کام مقررہ مدت اور منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے، جبکہ تمام تکنیکی تقاضوں اور حفاظتی اصولوں کو بھی ملحوظ رکھا جائے تاکہ منصوبہ بروقت فعال ہو سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











