نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کی زیر صدارت 12 ربیع الاول کے انتظامات کا جائزہ اجلاس، فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاول کے مقدس اور بابرکت موقع پر ضلع بھر میں امن و امان، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور متعلقہ محکموں کے افسران و سربراہان نے شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں جلوسوں کے روٹس، مرکزی مقامات، مساجد اور اہم مذہبی مقامات پر سیکیورٹی، پولیس نفری کی تعیناتی، ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی، روشنی، پینے کے صاف پانی، صحت و طبی سہولیات اور ریسکیو سروسز کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ 12 ربیع الاول انتہائی عقیدت و احترام کا دن ہے، اس موقع پر عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کو ہر صورت یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں، جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں اور تمام محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت فرائض انجام دیں۔
انہوں نے جلوس کے روٹس پر صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے، جبکہ محکمہ صحت اور ریسکیو حکام کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشنِ عید میلاد النبی کے موقع پر شہریوں کو پرامن اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، اور افسران انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی ممکنہ مسئلے پر فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











