تربت: جشنِ آزادی فٹبال ٹورنامنٹ پولیس اکیڈمی نے جیت لیا، آبسر گراؤنڈ کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص

تربت: جشنِ آزادی فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جمعرات 13 اگست کو آبسر کے گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جس کے مہمانانِ خاص رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج اور ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی تھے۔
دیگر مہمانوں میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ میر ہوتمان بلوچ، اے ڈی سی کیچ تابش علی بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر تربت غفار یوسف دشتی اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر تمپ حبیب اللہ دشتی شامل تھے۔
فائنل یوسی کوشقلات یوتھ فٹبال اور پولیس اکیڈمی کے درمیان کھیلا گیا جس میں پولیس اکیڈمی تربت نے کوشقلات کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی۔ گراؤنڈ تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا۔
ملک شاہ گورگیج نے کھلاڑیوں سے خطاب میں کہا کہ آبسر میں ایک بہترین فٹبال گراؤنڈ بنایا جائے گا اور پی ایس ڈی پی میں آبسر فٹبال گراؤنڈ کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ آخر میں ملک شاہ گورگیج اور ہوتمان بلوچ نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں دیں اور کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











