نصیرآباد: زرعی انکم ٹیکس، آبیانہ اور عشر کے بقایاجات کی وصولی تیز کرنے کی ہدایت، نادہندگان کو نوٹس جاری ہوں گے

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت ریونیو افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں سرکاری واجبات کی وصولی، ریونیو امور اور زمینداروں پر واجب الادا بقایاجات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ریونیو افسران نے زرعی انکم ٹیکس، آبیانہ اور عشر کی مد میں بقایاجات کی وصولی کی صورتحال اور مقررہ اہداف پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وصولی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم بعض زمینداروں کی جانب سے بروقت ادائیگی نہ ہونے کے باعث بقایاجات موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اہداف، اب تک کی پیش رفت اور بقایاجات کی تفصیلات بھی دریافت کیں۔
وریندر لعل نے کہا کہ حکومت کے واجب الادا بقایاجات کی وصولی سرکاری امور کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زرعی انکم ٹیکس، آبیانہ اور عشر سمیت دیگر واجبات کی وصولی کے لیے مؤثر اور منظم حکمتِ عملی اختیار کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جن زمینداروں کے ذمے واجبات ہیں انہیں مقررہ طریقہ کار کے مطابق نوٹس جاری کیے جائیں اور عدم ادائیگی کی صورت میں قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ریونیو افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنا کر وصولی کی مؤثر نگرانی کریں اور اہداف مقررہ مدت میں حاصل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وصولی میں غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور افسران کی کارکردگی کی باقاعدہ مانیٹرنگ ہوگی۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











