جعفرآباد میں یومِ آزادی کی مرکزی پرچم کشائی ڈی سی آفس میں ہوگی، ڈپٹی کمشنر خالد خان کی زیرِ صدارت تیاریوں کا اجلاس

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا ہے کہ یومِ آزادی 14 اگست کو ضلع بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ ضلع کی مرکزی پرچم کشائی کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوگی، جبکہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے دفاتر اور اہم سرکاری عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم آویزاں کرنے کے ساتھ چراغاں بھی کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت 14 اگست کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جعفرآباد حضور بخش بگٹی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد نواز جتک اور دیگر ضلعی افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں تقریبات کو شایانِ شان طریقے سے منانے اور سرکاری دفاتر، شاہراہوں اور اہم مقامات کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجانے سمیت مختلف انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
خالد خان نے ہدایت کی کہ یومِ آزادی کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے تاکہ وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور اتحاد و اتفاق کا بھرپور اظہار ہو سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











