لورالائی کے گرلز مڈل اسکولوں میں یومِ استحصالِ کشمیر کی تقریبات، فوزیہ درانی کی قیادت میں ریلی

لورالائی: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) لورالائی فوزیہ درانی کی ہدایت اور نگرانی میں ضلع بھر کے تمام سرکاری گرلز مڈل اسکولوں میں تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی۔
طالبات نے تقاریر، مباحثوں اور آگاہی پروگراموں میں بھرپور حصہ لیا۔ مقررین نے 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور اس کے عوام کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔
فوزیہ درانی کی زیرِ نگرانی ایک ریلی بھی نکالی گئی، جس میں اساتذہ اور طالبات نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم، بینرز، فلیکس، پلے کارڈز اور چارٹس اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی، کشمیری عوام کی حمایت اور قومی یکجہتی کے پیغامات درج تھے۔
تقریب کے اختتام پر میڈم فوزیہ درانی نے بہترین کارکردگی دکھانے والی اساتذہ میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں مسئلہ کشمیر سے متعلق شعور اجاگر کرنا قومی ذمہ داری ہے اور تعلیمی ادارے اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











