نصیرآباد میں این جی اوز کے دفاتر کا معائنہ: مقامی افراد کو روزگار میں ترجیح دینے کی ہدایت

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی ہدایت پر تحصیلدار ڈیرہ مراد جمالی معظم جتوئی نے ڈی سی آفس نصیرآباد کے یونس رضا عمرانی کے ہمراہ ضلع میں سرگرم مختلف غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے دفاتر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ان میں بی آر ایس پی (BRSP)، انڈس ہسپتال، ٹی کے ایف (TKF)، اسلامک ریلیف، منزل آرگنائزیشن اور برائٹ اسٹار شامل ہیں۔
معائنے کے دوران ہر ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری و مکمل منصوبوں کی نوعیت، عوامی فلاح کے عملی اقدامات، فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے ثمرات کا جائزہ لیا گیا۔ عملے کی حاضری، پیشہ ورانہ اہلیت، ذمہ داریوں کی تقسیم اور دفاتر میں ریکارڈ کی دستیابی و درستگی کو بھی جانچا گیا۔
حکام نے این او سی (NOC) کی قانونی حیثیت، رجسٹریشن کے تقاضوں اور حکومتی پالیسیوں و ہدایات پر عملدرآمد کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اداروں کے ذمہ داران سے جاری منصوبوں کی پیش رفت، فنڈز کے استعمال اور درپیش مسائل پر بریفنگ لی گئی اور انہیں ہدایت کی گئی کہ تمام سرگرمیاں حکومتی قواعد و ضوابط، شفافیت اور جوابدہی کے اصولوں کے تحت انجام دی جائیں۔
نان لوکل ملازمین کی تعیناتیوں کا جائزہ
نان لوکل ملازمین کی تعیناتیوں کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیا تاکہ مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار کے مواقع ملیں۔ حکام نے واضح کیا کہ مقامی افراد کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی سطح پر ان کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ بھرتیوں میں میرٹ، شفافیت اور مقامی کوٹے کی پاسداری پر زور دیا گیا۔
ہدایت کی گئی کہ تمام این جی اوز اپنی سرگرمیوں کی باقاعدہ رپورٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ان کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی ممکن ہو۔ حکام نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ این جی اوز کے ساتھ مؤثر رابطہ اور تعاون یقینی بنائے گی تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے بہتر انداز میں مکمل ہوں اور ان کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











