بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا آڈٹ یونٹ فعال، ریکوری کا دائرہ پورے صوبے تک: وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت اجلاس

کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ بلوچستان میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ، اسپیشل سیکرٹری خزانہ عارف اچکزئی، چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بی آر اے کی مجموعی کارکردگی، صوبائی محصولات میں اضافے، ٹیکس نظام کو مزید موثر اور شفاف بنانے، واجبات کی بروقت وصولی اور ریونیو انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ادارے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے اہم فیصلے
بی آر اے کے آڈٹ یونٹ کو مزید فعال بنانے اور اس کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ تمام کاروباری اداروں، کمپنیوں اور سروس پرووائیڈرز کے ٹیکس معاملات میں شفافیت، احتساب اور ٹیکس قوانین پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
صوبے بھر میں ریکوری کا عمل تیز کرنے اور سروسز سیکٹر میں ٹیکس نیٹ ورک کو وسعت دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔ ہوٹل مالکان، صنعتی اداروں، فیکٹریوں اور مختلف ٹھیکیداروں کے ذمے واجب الادا ٹیکس اور دیگر مالی واجبات کی جلد اور موثر وصولی پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ریکوری اور مانیٹرنگ کا نظام چند شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے پورے بلوچستان تک توسیع دی جائے، جبکہ گوادر اور حب جیسے اہم معاشی و صنعتی مراکز میں بی آر اے کے دفاتر کو مزید فعال اور مستحکم بنایا جائے تاکہ مقامی سطح پر ٹیکس وصولی اور مانیٹرنگ بروقت اور موثر انداز میں ہو سکے۔
وزیر خزانہ کی ہدایات
صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ صوبائی حکومت مالیاتی نظم و ضبط، شفاف ٹیکس نظام اور محصولات میں اضافے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو اہداف کے حصول، ٹیکس قوانین پر موثر عملدرآمد، واجبات کی بروقت وصولی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں مزید تیز کی جائیں تاکہ بلوچستان مالی طور پر مزید مستحکم اور خود کفیل بن سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے کو درپیش تمام انتظامی، مالی اور تکنیکی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، اور بی آر اے کے وسائل میں اضافے، عملے کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور ادارے کی مجموعی استعداد کار بڑھانے کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں۔
وزیر خزانہ نے بلوچستان ریونیو اتھارٹی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور موثر رابطہ کاری یقینی بنانے اور ٹیکس وصولی کے طریقہ کار کو وقتاً فوقتاً ایف بی آر کے جدید نظام سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے بی آر اے کے افسران اور عملے کو ملک کے معیاری تربیتی اداروں میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ ٹیکس چوری اور ٹیکس سے بچنے والے افراد، کاروباری اداروں، صنعتی یونٹس اور دیگر سروس فراہم کنندگان کی موثر نشاندہی کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے سالانہ ریونیو اہداف کے حصول کے لیے ٹیکس اور آڈٹ کے شعبوں میں اعلیٰ صلاحیت، تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











