گورنر مندوخیل کے اعزاز میں کراچی میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کا ظہرانہ، بلوچستان میں سرمایہ کاری پر بات چیت

کراچی: سندھ کے دارالحکومت کراچی میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مس ایلیسن بلیک برن (Ms Alisom Blackburne) کی جانب سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان اور ڈپٹی ہائی کمشنر نے ریجنل پیش رفت، بلوچستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
معدنیات سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس تک سرمایہ کاری کے مواقع
گورنر مندوخیل نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے استفادہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا صوبہ قیمتی معدنیات، قدرتی وسائل، ماہی گیری، زراعت، لائیو سٹاک اور ملنسار لوگوں کی سرزمین ہے، جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سولر انرجی جیسے نئے ابھرتے ہوئے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔
صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے چانسلر کی حیثیت سے گورنر مندوخیل نے برطانوی حکومت اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری میں تعلیمی معیار، تحقیقی تعاون اور مہارت کی ترقی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
محترمہ بلیک برن نے سماجی و معاشی ترقی کے لیے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کی بصیرت کو سراہا اور تعاون و سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری مضبوط کرنے کی برطانوی خواہش کی تصدیق کی۔
ملاقات کا اختتام باہمی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور عوام سے عوام کے روابط کو بڑھانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











