وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے ڈاکٹرز تنظیموں کے وفد کی ملاقات، غریب مریضوں کو تکلیف نہ پہنچانے کی تاکید

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے منگل کو ڈاکٹرز تنظیموں کے ایک نمائندہ وفد نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور انہیں صوبے میں صحت کے شعبے کو درپیش مسائل، ڈاکٹرز کے پیشہ ورانہ امور اور طبی سہولیات کی بہتری سے متعلق مختلف تجاویز سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی بھی موجود تھے۔
وفد میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کوئٹہ کے صدر ڈاکٹر نادر اچکزئی، سینئر نائب صدر ڈاکٹر کامیار خان، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شعیب بلوچ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ڈاکٹر حفیظ مندوخیل، ڈاکٹر علی جان، ڈاکٹر عادل، ڈاکٹر مزمل اور الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے جمال شاہ شامل تھے۔
مشاورت سے پائیدار اصلاحات
وزیر اعلیٰ نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پائیدار اور مؤثر اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ ڈاکٹرز، طبی عملے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈاکٹرز کو بڑے پیمانے پر ترقیاں دے کر ان کی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ حکومت ڈاکٹرز کے جائز مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈاکٹرز معاشرے کا انتہائی قابلِ احترام طبقہ ہیں اور انسانی جانوں کے تحفظ کی عظیم ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ایسے عمل کا حصہ نہ بنیں جو غریب اور نادار مریضوں کے لیے مشکلات یا تکلیف کا باعث بنے، کیونکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور طبی برادری باہمی تعاون، اعتماد اور مسلسل مشاورت کے ذریعے صحت کے شعبے کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
وفد نے ڈاکٹرز کے مسائل سننے، صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے مشاورتی عمل جاری رکھنے اور جائز مطالبات پر مثبت پیش رفت کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











