ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کا ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرکے تعمیراتی کاموں کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
ایگزیکٹو انجینئر مواصلات و تعمیرات (بلڈنگز) عرفان علی نے مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا، جبکہ سب ڈویژنل افسر محمد صدیق زہری اور محمد رفیق ابڑو بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر گرلز کالج، طبی مرکز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی رہائش گاہوں کا معائنہ کیا اور واضح کیا کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے انجینئرز کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کی خود نگرانی کریں اور معیار اور رفتار پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











