لورالائی: کمشنر ولی محمد بڑیچ کی زیر صدارت این جی اوز کا رابطہ اجلاس، منصوبوں کا ڈیٹا شیئر کرنے کی ہدایت

لورالائی: کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی زیر صدارت بین الاقوامی اور مقامی غیر سرکاری تنظیموں (INGOs/NGOs) کا ایک اہم رابطہ اجلاس کمشنر آفس لورالائی میں منعقد ہوا۔
اجلاس کا مقصد ڈویژن بھر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی، فلاحی اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں کا جائزہ لینا، ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانا اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بہتر بنانا تھا۔
اجلاس میں بی آر ایس پی، مسلم ایڈ، ہیلپنگ ہینڈ، سوسائٹی، یو این ایچ سی آر، اخوت، تعمیر خلق فاؤنڈیشن، یونیسف، مرسی کور، ترقی فاؤنڈیشن، دانش، سحر اور اسلامک ریلیف سمیت متعدد بین الاقوامی اور مقامی تنظیموں کے ڈویژنل و ضلعی نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈویژن اور اضلاع میں جاری ترقیاتی و سماجی بہبود کے منصوبوں، آئندہ شروع کیے جانے والے پروگراموں اور ان کی پیش رفت پر تفصیلی جائزہ رپورٹ پیش کی گئی۔ شرکاء نے فیلڈ میں درپیش انتظامی، سیکیورٹی اور دیگر عملی مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
باقاعدہ رپورٹنگ کا نظام وضع کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام غیر سرکاری تنظیمیں اپنے منصوبوں پر عمل درآمد کے دوران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ اور تعاون یقینی بنائیں گی تاکہ منصوبوں کے ثمرات بروقت اور شفاف انداز میں مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔ منصوبوں کی نگرانی، شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ڈویژنل انتظامیہ کے ساتھ باقاعدہ اور معیاری رپورٹنگ کا نظام وضع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت منصوبوں کی پیش رفت، اہداف (Target Indicators) اور حاصل شدہ نتائج سے متعلق وقتاً فوقتاً رپورٹس شیئر کی جائیں گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی فلاح و بہبود، پائیدار ترقی اور سماجی خدمات کی فراہمی کے لیے غیر سرکاری تنظیموں کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنی سرگرمیوں میں شفافیت، جوابدہی اور باہمی رابطے کو فروغ دیں تاکہ وسائل کا مؤثر استعمال ممکن ہو اور ترقیاتی منصوبوں کے حقیقی فوائد عام شہریوں تک پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ تمام فلاحی اور ترقیاتی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی، تاہم تمام تنظیموں کو متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پیشگی رابطہ، حکومتی پالیسیوں کی پابندی اور مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، غذائیت، خواتین و بچوں کی فلاح، روزگار کے مواقع اور موسمیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں مربوط حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام این جی اوز اور آئی این جی اوز اپنی سرگرمیوں، فنڈنگ، اہداف اور منصوبوں کی تکمیل سے متعلق باقاعدہ ڈیٹا ڈویژنل انتظامیہ کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے عوامی فلاح، غربت کے خاتمے، تعلیم، صحت اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ لورالائی ڈویژن میں پائیدار اور متوازن ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











