نصیرآباد میں انسداد پولیو مہم 3 سے 6 اگست تک، ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کی زیر صدارت ڈیپیک اجلاس

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی (ڈیپیک) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات، حکمتِ عملی اور اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع نصیرآباد کے منتخب علاقوں شرقی ون، شرقی ٹو، غربی ون اور غربی ٹو میں انسدادِ پولیو مہم 3 اگست سے 6 اگست 2026ء تک جاری رہے گی، جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ہر یونین کونسل میں سو فیصد کوریج کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، بی ایچ یوز، سی ڈی پروگرام سے وابستہ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو تاکید کی کہ وہ اپنے فرائض نہایت ذمہ داری، ایمانداری اور خلوصِ نیت سے انجام دیں تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیموں کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، مائیکرو پلاننگ کو بہتر بنایا جائے اور ہر یونین کونسل کی سطح پر سو فیصد کوریج حاصل کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے والدین میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھرپور مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی شمولیت کے بغیر پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔
اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات، کولڈ چین مینجمنٹ، ٹیموں کی تربیت اور دور دراز علاقوں تک رسائی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ متعلقہ محکموں کو واضح اور ضروری ہدایات جاری کی گئیں تاکہ مہم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنایا جا سکے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











