گورنر مندوخیل سے لیاقت بلوچ کی ملاقات: پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان کے امن سے جڑا ہے

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کو درپیش پیچیدہ چیلنجز سنجیدہ اقدامات اور پائیدار حل کے متقاضی ہیں، اور پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سے جڑا ہوا ہے۔ جس طرح امن کے بغیر ترقی پروان نہیں چڑھ سکتی، اسی طرح سماجی انصاف اور عوامی اعتماد کے بغیر امن قائم نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ اور صوبائی امیر و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پالیسی سازی میں نوجوانوں کی شمولیت ضروری
گورنر مندوخیل نے کہا کہ پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے عمل میں نوجوانوں کی شمولیت یقینی بنانا اشد ضروری ہے تاکہ ہر نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں فعال شراکت دار بنے۔ انہوں نے کہا کہ روشن مستقبل کی تعمیر کی پہلی شرط نوجوانوں کے اصل کردار کو پہچاننا ہے۔ ہماری کل آبادی کا سب سے بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی توانائی اور تخلیقی صلاحیتیں ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں۔
گورنر نے کہا کہ آج حالات کا تقاضا ہے کہ ہم ہر قسم کے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔ سیاسی رہنماؤں، مذہبی اسکالرز اور معاشرے کے باشعور افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اجتماعی مفادات کو اجاگر کریں، پولیٹیکل ڈائیلاگ کی حوصلہ افزائی کریں، سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کریں اور قوم کی ترقی میں عملی و تعمیری کردار ادا کریں۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ہم مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کی تعمیر کر سکتے ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











