ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کا زیر تعمیر اور مکمل سڑکوں کا دورہ، معیار اور بروقت تکمیل کی ہدایت

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے ضلع کے مختلف زیر تعمیر اور مکمل ہونے والے سڑکوں کے منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
ان منصوبوں میں بلیک ٹاپ روڈ این اے-65 تا گوٹھ اصغر خان عمرانی، بلیک ٹاپ روڈ شاہ ولی، بلیک ٹاپ روڈ گوٹھ نادر علی عمرانی، بلیک واٹر روڈ کرم خان ساسولی، بلیک ٹاپ روڈ گوٹھ دھنی بخش عمرانی، بلیک ٹاپ روڈ محمد پرکانی اور بلیک ٹاپ روڈ شاہمواہ شامل ہیں۔ اس موقع پر ایس ڈی او عابد علی پہنور، ایس ڈی او احسان علی کھوسہ، ایس ڈی او ندیم سولنگی اور ایس ڈی او ظفر علی عمرانی بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں کے معیار، رفتار اور شفافیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام منصوبے مقررہ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
وریندر لعل نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو آمدورفت میں آسانی فراہم کرنے، دیہی و شہری علاقوں کو آپس میں منسلک کرنے اور زرعی پیداوار کو بروقت منڈیوں تک پہنچانے کے لیے معیاری سڑکوں کی تعمیر کو اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کا بہتر انفراسٹرکچر نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیتا ہے بلکہ عوام کے معیارِ زندگی کو بھی بہتر بناتا ہے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، اور کسی بھی قسم کی غفلت یا ناقص کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











