نصیرآباد میں پانی کی قلت: سلیم کھوسہ کی سرفراز بگٹی سے ملاقات، وزیر اعلیٰ کا مراد علی شاہ سے رابطہ

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بلوچستان اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم خان کھوسہ نے جمعہ کو ملاقات کی، جس میں نصیرآباد ڈویژن میں آبپاشی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
میر سلیم خان کھوسہ نے وزیر اعلیٰ کو نصیرآباد ڈویژن کی نہروں میں پانی کی شدید قلت اور اس کے باعث زراعت اور کاشتکاروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سے ٹیلی فونک رابطہ
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس سلسلے میں فوری طور پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں وزرائے اعلیٰ کے درمیان آبی صورتحال اور بین الصوبائی آبی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
دونوں وزرائے اعلیٰ نے بلوچستان اور سندھ کے درمیان آبی مسائل کے حل، پانی کی منصفانہ تقسیم اور موجودہ صورتحال میں بہتری کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔
وزرائے آبپاشی کو سکھر پہنچنے کی ہدایت
شاہد رند کے مطابق دونوں وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں کے وزرائے آبپاشی کو فوری طور پر سکھر پہنچنے کی ہدایت کی ہے تاکہ متعلقہ حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے آبی صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور قابلِ عمل حل پر پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔
نصیرآباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے تمام اراکینِ اسمبلی بھی سکھر میں آبپاشی سے متعلق اجلاس میں شریک ہوں گے، جہاں پانی کی قلت اور اس کے مستقل حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان کسانوں اور زمینداروں کے مفادات کے تحفظ اور صوبے کے حصے کا پانی حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور اس ضمن میں سندھ حکومت سے مسلسل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ آبی مسائل باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے حل کیے جا سکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











