نصیر آباد: ہائی کورٹ کے حکم پر ایس بی کے بھرتیوں کا جائزہ، امیدوار کے نمبر کم ظاہر کیے جانے کا انکشاف

نصیر آباد: بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیرِ صدارت ایس بی کے (SBK) بھرتیوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع صحبت پور کے ایک امیدوار کی جانب سے میرٹ اور داد رسی کے لیے عدالت میں دائر درخواست کا احکامات کے مطابق جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی کے دیگر ارکان، ڈویژنل ڈائریکٹر اسکولز عبدالواسع کاکڑ، وائس پرنسپل بوائز ڈگری کالج خالد سلطان، سعدیہ خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
عدالتی احکامات کی روشنی میں امیدوار کی تمام دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ درخواست گزار کے اصل نمبر زیادہ تھے، تاہم انہیں کم ظاہر کیا گیا تھا۔
کمشنر صلاح الدین نورزئی نے ہدایت کی کہ حقدار امیدوار کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا اور اسے اس کا جائز حق دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر شفاف تعیناتیاں موجودہ حکومت کا وژن ہیں اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











