ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی میں بی ایس ڈی آئی منصوبوں کا جائزہ

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد کاظم لونی، ایگزیکٹو انجینئر مواصلات و تعمیرات عرفان علی سمیت مختلف محکموں کے افسران اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (BSDI) فیز ون اور فیز ٹو کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، فنڈز کے استعمال، بلوں کی ادائیگی، معیارِ تعمیر اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ افسران نے بتایا کہ متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مکمل ہونے والے منصوبوں کے بل صرف جامع تکنیکی جانچ پڑتال اور مقررہ معیار کی تصدیق کے بعد ہی جاری کیے جائیں تاکہ سرکاری وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی تمام منصوبوں کی مسلسل نگرانی کرتی رہے گی اور کسی بھی قسم کی غفلت، ناقص تعمیراتی کام یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے یقینی بنا رہی ہے کہ تمام منصوبے مقررہ مدت، اعلیٰ معیار اور مکمل شفافیت کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچیں تاکہ ضلع جعفرآباد کے عوام ان کے ثمرات سے بھرپور مستفید ہو سکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











