خیبرپختونخوا میں پولیس کے لیے 70 ارب روپے کا منصوبہ، فیس لیس انسداد دہشت گردی عدالتیں بنانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی کے بڑھتے خطرات سے نمٹنے اور پولیس میں افرادی قوت، مالی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کی کمی دور کرنے کے لیے تقریباً 70 ارب روپے خرچ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ تفصیلات محکمہ داخلہ کی ایک بریفنگ میں سامنے آئیں، جس میں گورنر، مشیر، چیف سیکرٹری، تمام محکموں کے سیکرٹریز اور سینئر پولیس افسران شریک تھے۔
سیکرٹری داخلہ امجد علی خان نے بتایا کہ اس رقم میں سے 59.8 ارب روپے پولیس کے لیے اور 10.3 ارب روپے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے لیے رکھے گئے ہیں۔
منصوبے کے تحت پولیس کی 17 ہزار خالی آسامیاں پُر کی جائیں گی۔ سی ٹی ڈی کی استعداد 12 فیصد سے بڑھا کر 37 فیصد اور پولیس کی مجموعی استعداد 75 فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔
دہشت گردوں کے مقدمات کے لیے فیس لیس انسداد دہشت گردی عدالتیں قائم کی جائیں گی، جن میں ججوں، گواہوں، پولیس اہلکاروں اور دیگر متعلقہ افراد کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ فیصلوں کے خلاف فریقین کو ہائیکورٹ میں اپیل کا حق حاصل رہے گا۔
حکام کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں تیز کی جائیں گی اور صرف دہشت گرد ہی نہیں بلکہ ان کے سہولت کار بھی گرفتار کیے جائیں گے۔ ریپڈ رسپانس فورس کو جدید بنایا جائے گا، پولیس کی تربیت بہتر ہوگی اور ڈرون و اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی صلاحیت بڑھائی جائے گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت سمیت کئی شہروں کو سیف سٹی بنایا جا رہا ہے، جہاں اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی بھی فراہم ہوگی۔ دس اضلاع میں خصوصی مراکز قائم ہوں گے، جبکہ صوبے بھر میں 400 پولیس سہولت ڈیسک بنائے جائیں گے۔ تنازعات کے مقامی حل کے لیے ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلوں اور قبائلی علاقوں میں رابطہ کمیٹیوں کو فعال کیا جائے گا اور جرگہ نظام کو فروغ دیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ٹی ڈی کے لیے 6.4 ارب روپے منظور ہوئے تھے مگر صرف ایک ارب روپے جاری کیے گئے۔ ماضی میں صوبائی بجٹ کا صرف 3.2 فیصد پولیس کو ملتا رہا۔ گزشتہ دو برس میں 1,003 فوجی اہلکار، 627 پولیس اہلکار اور 808 شہری شہید ہوئے، جبکہ 3,788 دہشت گرد مارے گئے۔











