کوئٹہ: گراں فروشی کے خلاف کارروائی، مقررہ نرخوں سے زائد پر آٹا فروخت کرنے پر 7 ڈیلرز گرفتار
کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر بروری کاشف امر نے سریاب روڈ اور سبزل روڈ پر مختلف آٹا ڈیلرز کی دکانوں کا معائنہ کیا اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر آٹا فروخت کرنے کے معاملے پر 7 آٹا ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی کا مقصد عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانا اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کرنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی ہدایات کے مطابق گراں فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پرائس کنٹرول مہم مزید مؤثر بنائی جائے گی۔











