قلعہ سیف اللہ آپریشن: وزیر اعلیٰ بلوچستان کا سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہنا

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور غیر متزلزل عزم قابلِ تحسین ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی عکاس ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ان کے نیٹ ورکس اور سہولت کاروں کے خلاف اقدامات کی اہمیت مزید اجاگر ہوتی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی ایک پیچیدہ چیلنج ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لیے دہشت گردوں کے ساتھ ان کے مالی معاونین اور سہولت کاروں کے خلاف بھی مؤثر کارروائیاں ناگزیر ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ قدر ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔











