کوئٹہ: میٹروپولیٹن کارپوریشن کا ارباب کرم خان روڈ اور سی پیک روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے خوبصورت کوئٹہ کے ویژن کی روشنی میں اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کے خصوصی احکامات پر اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے شہر کے مختلف حصوں میں تجاوزات کے خلاف سستے اور بلا تفریق آپریشن کیا۔
عوامی شکایات پر فوری کارروائی
عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مجسٹریٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن عمران زیب اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے سپروائزر سرور زہری کی نگرانی میں ارباب کرم خان روڈ، سی پیک روڈ اور پودگلی چوک پر تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات، عارضی تھڑے اور سامان ہٹا کر راستوں کو عام لوگوں اور ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بحال کر دیا گیا۔
دکانداروں کو سخت تنبیہ
مجسٹریٹ عمران زیب اور سپروائزر سرور زیری نے کہا کہ عوامی مشکلات کا باعث بننے والی تجاوزات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور ایڈمنسٹریٹر بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر یہ آپریشن شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن انتظامیہ نے دکانداروں اور تاجروں کو سخت تنبیہ کی کہ وہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں، بصورت دیگر سامان ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔











