کوئٹہ: گڈز ٹرانسپورٹ مالکان کو روٹ پرمٹس کی تجدید کی ہدایت
کوئٹہ: محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت بلوچستان کے ایک سرکلر کے مطابق تمام گڈز ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے ڈویژنز، سب ڈویژنز اور اضلاع کے قیام کے بعد اپنے روٹ پرمٹس کی تجدید اور کانٹریکٹ کی درستگی کے لیے مقررہ طریقہ کار کے مطابق ضروری کارروائی مکمل کریں۔
اس کے مطابق کوئٹہ سے کراچی، سکھر، ڈیرہ غازی خان، کوئٹہ سے خضدار، قلات اور دیگر متعلقہ روٹس پر چلنے والی گڈز ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے مالکان کو اپنے روٹ پرمٹس کی تجدید اور کانٹریکٹ میں ضروری تبدیلیاں کروانا ہوں گی۔
اس کے علاوہ صوبہ بلوچستان کے مکمل ایریا یا ریجنل روٹ پرمٹ کے حصول کے لیے متعلقہ گیارہ (11) ڈویژنز کی تجدید اور کانٹریکٹ کی درستگی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
تمام گڈز ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ نوٹس میں دی گئی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 اور موٹر وہیکل رولز 1969 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











