امریکا کو جغرافیائی وجوہات کی بنا پر پاکستان سے تعلقات رکھنے ہیں: مارکو روبیو کا بھارت میں بیان

نئی دہلی: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارت کے تین روزہ دورے کے دوران ایک بھارتی میڈیا ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ واشنگٹن کے دہائیوں پرانے تعلقات کا دفاع کیا اور اس کی وجہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت قرار دی۔ یہ اس سال ان کا بھارت کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔
سینیٹر اور اب وزیر خارجہ کی حیثیت سے پاکستان کے بارے میں اپنے خیالات سے متعلق سوال پر روبیو نے کہا کہ امریکی خارجہ پالیسی چلانا ان کی ذمہ داری ہے، جس کے لیے ان ممالک سے بھی روابط رکھنے پڑتے ہیں جن سے اختلافات ہوں۔
انہوں نے دہرایا کہ امریکا دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی اور اس کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف ہے، تاہم جوہری ہتھیاروں کے حامل ملک پاکستان کے ساتھ تعلق برقرار رکھنا امریکا کی ضرورت ہے۔
روبیو نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے امریکا کو پاکستان سے رابطے میں رہنا پڑتا ہے، بالکل اسی طرح جیسے بھارتی حکومت ایران سے تعلقات رکھتی ہے اور اس کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آبناؤں سے تیل اور توانائی کی ترسیل تنازع سے پہلے کی سطح کے 80 سے 100 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔











