گوادر میں زمینوں کے ریکارڈ کی درستگی کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم، پہلا اجلاس منعقد

گوادر: کمشنر مکران ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے ضلع گوادر میں زمینوں کے ریکارڈ کی درستگی، تکمیل اور ریکارڈ سازی کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔
اسی سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہور بلوچ کی زیرِ صدارت ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیلدار سیٹلمنٹ اکبر بلوچ، نائب تحصیلداران، پٹواریوں سمیت محکمہ ریونیو اور سیٹلمنٹ کے دیگر متعلقہ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں زمینوں کے ریکارڈ کی درستگی، تکمیل اور ریکارڈ سازی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کیا گیا۔ ٹاسک فورس کو ہدایت کی گئی کہ پہلے مرحلے میں منتخب مواضعات کا ریکارڈ مکمل اور درست کیا جائے، جس کے بعد مکمل شدہ ریکارڈ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ہدایت کی کہ ریکارڈ کی تیاری اور درستگی میں شفافیت، قانونی تقاضوں اور ریکارڈ کی صحت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو زمینوں سے متعلق معاملات میں سہولت ملے اور ریکارڈ مستند اور قابلِ اعتماد بن سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











