ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین کا تحصیل آفس کا دورہ، ریونیو ریکارڈ کا معائنہ اور شہریوں کی شکایات سنیں

صحبت پور: ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے تحصیل آفس صحبت پور کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے دفتری امور اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے تحصیل آفس میں موجود ریونیو ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات کا تفصیلی معائنہ کیا اور ریکارڈ کی درستگی، تکمیل اور دیکھ بھال کے بارے میں اہلکاروں سے معلومات لیں۔ انہوں نے ریونیو امور قواعد و ضوابط کے مطابق شفاف اور بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے تحصیل آفس میں جاری بحالی اور دیگر تعمیراتی کاموں کے معیار اور پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ کاموں کا معیار ہر صورت یقینی بنا کر انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ سرکاری عمارت بہتر حالت میں عوام کے استعمال کے قابل ہو سکے۔
اس موقع پر فریدہ ترین نے تحصیل آفس میں موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور شکایات سنیں اور افسران کو عوامی مسائل کے فوری ازالے اور درخواستوں پر میرٹ اور قواعد کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو سرکاری امور میں سہولت دینا، ریکارڈ کو منظم رکھنا اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











