وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی کی زیرِ صدارت سوشو پولیٹیکل اسٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس، بی ایس ڈی آئی فیز ٹو مکمل

کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیرِ صدارت سوشو پولیٹیکل اسٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ حافظ محمد قاسم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر خزانہ کو گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت اور مختلف اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کمیٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نے نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں، تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کے ذریعے بااختیار بنانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کی ترقی میں مؤثر اور مثبت کردار ادا کر سکیں۔
اجلاس میں BSDI پروجیکٹ کے فیز ٹو کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ منصوبے کے آئندہ مراحل میں بھی کام کی رفتار اور معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مقررہ اہداف حاصل کیے جائیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیرِ صدارت منعقدہ سوشو پولیٹیکل اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر صوبائی سطح پر مؤثر اور عملی انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ میر شعیب نوشیروانی نے فوکل پرسن کو ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں سے فیصلوں پر پیش رفت کی ماہانہ رپورٹ مرتب کی جائے اور وفاقی حکومت کو بروقت آگاہ کیا جائے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











