چمن میں انسدادِ پولیو مہم کے چوتھے روز کا جائزہ، ڈی سی حبیب احمد بنگلزئی کی رہ جانے والے بچوں تک رسائی کی ہدایت

چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیرِ صدارت ضلع میں جاری انسدادِ پولیو مہم کی پیش رفت اور چوتھے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایوننگ ریویو میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں محکمہ صحت، پولیو پروگرام اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی، بچوں کو قطرے پلانے کی پیش رفت، رہ جانے والے بچوں تک رسائی، ٹیموں کو درپیش مشکلات اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اور حکام نے دن بھر کی سرگرمیوں، اہداف اور فیلڈ کے مسائل پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کسی بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے محروم نہ رہنے دیا جائے، رہ جانے والے بچوں تک رسائی پر خصوصی توجہ دی جائے اور ٹیمیں دور دراز اور مشکل رسائی والے علاقوں میں بھی مؤثر انداز میں کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اہم قومی ذمہ داری ہے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، پولیو ٹیموں، سیکیورٹی اداروں اور والدین کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











