قلعہ عبداللہ: ڈی سی منور حسین مگسی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ اجلاس، اساتذہ و طلبہ کی حاضری کا جائزہ

قلعہ عبداللہ: ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، تدریسی عمل، اساتذہ و طلبہ کی حاضری اور طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انجینئر نجم الدین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر احمد خان، ڈی او ای سید محمد امین آغا، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر قلعہ عبداللہ عبدالمنان اچکزئی، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر گلستان حفیظ اللہ پیرعلیزئی، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر دوبندی عبدالمتین اچکزئی، ڈی سی سپرنٹنڈنٹ جعفر خان ترین، ڈی سی سپرنٹنڈنٹ محمد شفیق خان، ترقی فاؤنڈیشن کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر خلیل خان اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، اس لیے تعلیمی اداروں میں معیاری تدریس، سازگار ماحول اور ضروری سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اداروں کی نگرانی مزید مؤثر بنائیں، اساتذہ و طلبہ کی حاضری یقینی بنائیں اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے فروغ کے لیے محکمہ تعلیم کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











