استا محمد: تحصیلدار گامن خان بوہڑ کا پٹرول پمپس کا دورہ، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کی ہدایت

استا محمد: ڈپٹی کمشنر استا محمد محمد رمضان پلال کی ہدایت پر تحصیلدار استا محمد گامن خان بوہڑ نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
تحصیلدار نے جن پٹرول پمپس کا معائنہ کیا ان میں گھنٹہ گھر چوک پر واقع میر عمر خان پمپ، الاکبر بنگلزئی پمپ، طاہر پیٹرولیم، نیو بسم اللہ فلنگ اسٹیشن، الکریم فلنگ اسٹیشن، چانڈیا پیٹرولیم نزد گرڈ اسٹیشن، غلام علی جمالی شاہد فلنگ اسٹیشن، معین پیٹرولیم، کاشف پیٹرولیم اور علی پیٹرولیم شامل ہیں۔
پٹرول پمپ مالکان اور عملے کو واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی فروخت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی صورت صارفین سے مقررہ قیمت سے زائد رقم وصول نہ کی جائے۔ انہیں سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں رکھنے کی بھی تاکید کی گئی تاکہ شہریوں کو قیمتوں سے متعلق درست معلومات مل سکیں۔
تحصیلدار گامن خان بوہڑ نے واضح کیا کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی، مقررہ قیمت سے زائد وصولی یا عوامی شکایات کی صورت میں متعلقہ پٹرول پمپ مالکان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ استا محمد کے مطابق عوام کو ریلیف دینے، ناجائز منافع خوری روکنے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بازاروں اور پٹرول پمپس کی نگرانی جاری ہے اور چیکنگ کا عمل باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











