چمن میں دو روزہ ایجوکیشنل فیسٹیول کا آغاز، ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے افتتاح کیا

چمن: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ چمن کے زیرِ اہتمام طلباء کی تعلیمی، فکری اور تخلیقی رہنمائی کے لیے دو روزہ ایجوکیشنل فیسٹیول کا آغاز ہو گیا۔
فیسٹیول کا افتتاح ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی، چمن سکاؤٹس کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر ضرار حیدر اور کالج پرنسپل نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر کیا۔ فیسٹیول کے دوران گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چمن اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چمن میں مختلف معلوماتی، تعلیمی، فکری اور رہنمائی پر مبنی پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں۔
پہلے روز گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج چمن میں منعقدہ تقریب سے ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی، بریگیڈیئر ضرار حیدر سمیت مختلف مقررین، ماہرینِ تعلیم اور اسکالرز نے خطاب کیا اور طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع، کیریئر کے انتخاب، مطالعہ، تحقیق اور مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کے بارے میں رہنمائی فراہم کی۔
مقررین نے کہا کہ تعلیم، علم، تحقیق اور مطالعہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی اساس ہیں۔ نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں اور دلچسپیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے واضح اہداف مقرر کرے، تعلیمی مواقع سے بھرپور استفادہ کرے اور علم کے حصول کو اپنی ترجیح بنائے تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔
مزاحیہ خاکہ اور بک اسٹال
طلباء کی دلچسپی اور ذہنی و فکری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ معروف پشتو مزاحیہ فنکار کلیم اللہ اچکزئی نے خصوصی مزاحیہ خاکہ پیش کیا جس سے تقریب میں خوشگوار ماحول پیدا ہوا۔ فیسٹیول میں کتب کا خصوصی بک اسٹال بھی قائم کیا گیا جہاں اسکالرز، مقررین اور طلباء نے کتب میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے علمی و تعلیمی خدمات اور طلباء کی رہنمائی میں حصہ لینے والے اسکالرز اور مقررین میں اعزازی شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں اور کہا کہ نوجوان نسل کی علمی و فکری رہنمائی میں اساتذہ، اسکالرز اور اہلِ علم کا کردار انتہائی اہم ہے۔ فیسٹیول کا مقصد طلباء کو تعلیمی اور کیریئر کے مواقع سے آگاہ کرنا، ان کی فکری و تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنا، مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینا اور انہیں ماہرین سے براہِ راست رہنمائی فراہم کرنا ہے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











