ڈی سی لورالائی محمد حسیب شجاع کا بی ایس ڈی آئی کے تحت زیر تعمیر ڈیجیٹل لائبریری اور خواتین جمنازیم کا دورہ

لورالائی: ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے بی ایس ڈی آئی (BSDI) فیز ٹو کے تحت زیرِ تعمیر ڈیجیٹل لائبریری اور خواتین کے جمنازیم کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر کو تعمیراتی کام کی موجودہ صورتحال، استعمال ہونے والے میٹریل اور تکمیل کے مراحل پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ عمارت کے اندرونی پلستر کا کام مکمل ہو چکا ہے، چار دیواری کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے اور دروازوں کے فریم نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ دیگر مراحل پر بھی کام جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ کام میں تیزی کے لیے اضافی مزدور تعینات کیے جائیں اور تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی اور معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، جبکہ تعمیراتی سرگرمیاں منظور شدہ نقشے، ڈیزائن اور تکنیکی specifications کے مطابق جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے کام کی باقاعدہ نگرانی اور پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل لائبریری نوجوانوں اور طلبہ و طالبات کو جدید تعلیمی سہولیات، مطالعے اور تحقیق کے مواقع فراہم کرے گی، جبکہ خواتین کا جدید جمنازیم صحت مند سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کے ساتھ خواتین کو بہتر تفریحی و جسمانی صحت کی سہولیات دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ضلع لورالائی میں عوامی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور تمام منصوبوں کی نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ ان کے ثمرات جلد شہریوں تک پہنچیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











