نصیرآباد میں ماں اور بچے کی صحت پر آگاہی ریلی، ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے قیادت کی

نصیرآباد: ماں اور بچے کی صحت، محفوظ زچگی اور غذائیت سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے نصیرآباد میں آگاہی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر زہیر حسین نے کی۔
ریلی میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت کے افسران و اہلکاروں، ضلعی سربراہان، طبی عملے، سماجی کارکنوں، سول سوسائٹی اور مختلف شعبوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماں اور بچے کی صحت، محفوظ زچگی، حاملہ خواتین کی بروقت طبی نگہداشت، بچوں کی نشوونما، حفاظتی ٹیکہ جات، متوازن غذا اور صحت کی سہولیات کے استعمال سے متعلق پیغامات درج تھے۔
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی بنیاد صحت مند ماں اور صحت مند بچہ ہے۔ حاملہ خواتین کے لیے باقاعدہ طبی معائنہ، ضروری ادویات، متوازن غذا اور زچگی کے دوران ماہر طبی عملے تک رسائی یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے، اور اس حوالے سے آگاہی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ڈاکٹر ایاز حسین جمالی نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حاملہ خواتین کے باقاعدہ معائنے، حفاظتی ٹیکوں، غذائی ضروریات اور نومولود بچوں کی بروقت ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔ شرکاء نے عوامی آگاہی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











