محکمہ صحت نصیرآباد میں BPS-01 سے 15 تک آسامیوں کے انٹرویوز کا دوسرا روز، ڈی سی وریندر لعل کی صدارت

نصیرآباد: محکمہ صحت ضلع نصیرآباد میں گریڈ BPS-01 سے BPS-15 تک مختلف آسامیوں پر بھرتی کے لیے انٹرویوز کا دوسرا روز ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) آفس نصیرآباد میں منعقد ہوا، جہاں امیدواروں کی اہلیت، تعلیمی قابلیت اور تجربے کی مقررہ معیار کے مطابق جانچ پڑتال کی گئی۔
انٹرویو پینل کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر نصیرآباد تھے جبکہ محکمہ صحت کے متعلقہ افسران اور دیگر ممبران بھی پینل میں شامل تھے۔ ویکسینیٹرز، ملیریا سپروائزرز، لیڈی ہیلتھ وزٹرز اور نرسنگ اردلی سمیت مختلف آسامیوں کے لیے بڑی تعداد میں امیدواروں نے شرکت کی۔
انٹرویوز قواعد و ضوابط اور شفاف طریقہ کار کے تحت لیے گئے اور پینل نے امیدواروں سے تعلیمی قابلیت، متعلقہ تجربے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملازمت سے متعلق سوالات کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بھرتی کا تمام عمل میرٹ، شفافیت اور قواعد کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ اہل اور مستحق امیدواروں کا انتخاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری آسامیوں پر بھرتی میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا، جبکہ امیدواروں کو بھی مقررہ طریقہ کار اور ضروری دستاویزات کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











